واشنگٹن،31 /دسمبر(آئی این ایس انڈیا)امریکا میں حالیہ انتخابات میں لوئزیانا سے منتخب ریپبلکن رکن کانگرس لوک لیٹلو حلف اٹھانے سے چند روز قبل فوت ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق 41 سالہ لیٹلو منگل کی شب Ochsner-LSU Health Shreveport ہسپتال میں انتقال کر گئے۔ کرونا وائرس سے متاثر ہونے کے سبب ان کی حالت کافی بگڑ گئی تھی۔
متوفی رکن کی آخری رسومات کی ادائیگی کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ لوک لیٹلو دسمبر میں ہونے والے "رَن آف" مرحلے میں منتخب ہوئے تھے۔ انہیں کرونا وائرس سے متاثر ہونے کے سبب 19 دسمبر کو ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ بعد ازاں طبیعت زیادہ بگڑنے پر لیٹلو کو انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں رکھا گیا۔ لیٹلو پہلے رکن کانگرس ہیں جو کرونا وائرس کی لپیٹ میں آ کر دنیا سے رخصت ہو گئے۔
جان ہوپکنز یونیورسٹی نے منگل کی شام بتایا کہ امریکا میں چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 2.45 لاکھ نئے کیسوں اور مزید 3223 افراد کی اموات کا اندراج ہوا ہے۔ اس طرح ملک میں کووڈ 19 پھیلنے کے بعد سے اب تک مجموعی طور پر 1.95 کروڑ افراد اس وبا سے متاثر ہو چکے ہیں جن میں 3.37 لاکھ موت کا شکار ہو گئے۔ واضح رہے کہ امریکا دنیا بھر میں کرونا وائرس سے سب زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے۔